24 اکتوبر، 2025، 7:37 PM

جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے لیے مزید مفاہمت درکار ہے، حماس

جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے لیے مزید مفاہمت درکار ہے، حماس

فلسطینی مزاحمتی تحریک نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے اگلے مرحلے میں پیچیدہ امور شامل ہیں، جن پر مزید بات چیت ضروری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں کئی پیچیدہ معاملات شامل ہیں، جن پر مزید مذاکرات اور مفاہمت کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ترجمان حازم قاسم نے ایک باضابطہ بیان میں کہا کہ حماس جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل طور پر کاربند ہے اور اس کے مؤثر نفاذ کے لیے سنجیدہ کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے پہلے مرحلے میں زندہ اسرائیلی قیدیوں اور بعض لاشوں کی حوالگی مکمل کر دی ہے، جبکہ باقی لاشوں کی حوالگی کا عمل جاری ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں شامل نکات زیادہ پیچیدہ ہیں، جن پر ثالثی کرنے والے فریقوں کے ساتھ مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔

حماس نے اس بات پر زور دیا کہ وہ جنگ کے بعد غزہ میں حکومت کے نظام سے متعلق تمام امور کے حل کے لیے فلسطینی قومی اتفاق رائے کی پابند ہے۔

بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ قابض صہیونی حکومت پر دباؤ ڈالا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے جن میں جارحیت کا خاتمہ، غزہ کی ناکہ بندی کا خاتمہ اور انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ صہیونی حکومت انسانی مسائل کو سیاسی سودے بازی کے لیے بطور دباؤ استعمال کرسکتی ہے۔

بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ مصر، قطر اور ترکی کی جانب سے واضح ضمانتیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ امریکہ کی طرف سے بھی جنگ کے حقیقی خاتمے کی براہ راست یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

News ID 1936102

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha